ویب ڈیسک: پاکستانی اداکار حارث وحید نے عمرے کے دوران اپنے والد کے ساتھ پیش آنے والے ایک معجزاتی واقعے کو سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا، جس نے مداحوں کو جذباتی کر دیا۔
حارث وحید نے حال ہی میں اپنے والد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے والد عمرے کے دوران وہیل چیئر پر نظر آ رہے ہیں۔ اداکار کے مطابق ان کے والد عمرے پر وہیل چیئر کے ذریعے گئے تھے، تاہم وطن واپسی پر وہ اپنے قدموں پر چلنے کے قابل ہو گئے۔
اداکار نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ یہ منظر دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور وہ اسے اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کی صحت یابی پر بے حد خوش اور شکر گزار ہیں۔
ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حارث وحید کو عمرے کی مبارک باد دی گئی جبکہ ان کے والد کے لیے صحت، سلامتی اور درازیِ عمر کی دعائیں بھی کی گئیں۔