ویب ڈیسک: پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں مشکلات جاری ہیں، جہاں انہوں نے سڈنی سکسز اور میلبورن سٹارز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکامی کا سامنا کیا۔
جمعرات کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلے گئے میچ میں سڈنی سکسز 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری، جہاں کپتان موئس ہینرکس تیسرے اوور میں جلد آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر بابر اعظم اور جوش فلپ نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی تاہم ساتویں اوور میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے اچھی لینتھ کی گیند کرائی، جس سے بابر اعظم ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم ڈی آر ایس کے لیے مشاورت کر رہے تھے کہ اس دوران اسٹوئنس نے زبانی طور پر جارحانہ انداز اختیار کیا اور بابر اعظم کا مذاق اڑایا لیکن بابر اعظم نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔
بابر اعظم نے میچ میں 17 گیندوں پر صرف 14 رنز بنائے اور یہ بی بی ایل میں ان کی سات اننگز میں پانچویں ناکامی تھی۔ بی بی ایل کے موجودہ سیزن میں ان کے 145 رنز ہیں، جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں، اوسط 24.17 اور اسٹرائیک ریٹ 108.21 رہا ہے۔
میچ میں سڈنی سکسز نے 17.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز کا ہدف حاصل کر کے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ جیول ڈیوس کو دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔