سٹی42: ملک کے مختلف حصوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ سرد موسم کے ساتھ فضائی آلودگی اور دھند نے شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
لاہور میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ سردی کی لہر 18 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کی وجہ سے سردی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔ شہر میں تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ شہر میں مجموعی فضائی آلودگی کی شرح 189 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
شہرِ قائد کراچی میں بھی سرد ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے اور درجہ حرارت کم ہو کر 10 سے 12ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دو سے تین روز سے شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں کراچی کے موسم کو متاثر کر رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت میں کمی کے اثرات کراچی تک پہنچے ہیں، جس کے باعث آئندہ دو روز کے دوران سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ہفتہ یا اتوار تک درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے، تاہم آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضرِ صحت ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 139 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دن بھر تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد سے زائد ہے۔
اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز اور نواحی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شدید سردی، دھند اور فضائی آلودگی کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔