لیجنڈ فنکار سلطان راہی کی 24ویں برسی

لیجنڈ فنکار سلطان راہی کی 24ویں برسی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زین مدنی ) لالی وڈ انڈسٹری کے لیجنڈ فنکار اداکار سلطان راہی کو مداحوں سے بچھڑے چوبیس برس بیت گئے، گنڈاسہ پکڑے سلطان راہی کی فلمیں آج بھی دیکھنے والوں کی پسندیدہ فلمیں ہیں۔

پنجابی فلموں کے بادشاہ، لیجنڈ اداکار سلطان راہی کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے، سلطان راہی کا اصلی نام حاجی حبیب احمد المعروف سلطان راہی تھا، سلطان راہی بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفرنگر بجنور میں 1938 میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے وقت گوجرانوالہ آگئے۔ انہوں نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز فلم باغی میں ایک معمولی سے کردار سے کیا تھا۔

1972 میں بطور ہیرو ان کی پہلی فلم بشیرا ریلیز ہوئی اس فلم نے انھیں بام عروج تک پہنچا دیا۔ سلطان راہی نے مجموعی طور پر 804 فلموں میں کام کیا جن میں 500 سے زیادہ فلمیں پنجابی زبان میں اور 160 فلمیں اردو زبان میں بنائی گئیں جبکہ 50 سے زیادہ فلمیں ڈبل ورژن تھیں۔

430 فلمیں ایسی تھیں جن کے ٹائٹل رول سلطان راہی نے ادا کئے تھے،، ان کی مشہور فلموں میں بشیرا، شیر خان، مولا جٹ، سالا صاحب، چند وریام، آخری جنگ اور شعلے کے نام سرفہرست ہیں۔ 9 جنوری 1996 کو جب وہ اسلام آباد سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور آرہے تھے تو راستے میں چند نامعلوم افراد نے انہیں لوٹنا چاہا اور مزاحمت پر انھیں قتل کردیا۔ وہ لاہور میں شاہ شمس قادری کے مزار کے احاطے میں آسودہ خاک ہیں۔