سٹی 42:وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف ممالک میں سفراء اور ہائی کمشنر کی تقریروں اور تبادلوں کی منظوری دے دی
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سفیروں کی تقرریوں و تبادلوں کی منظوری وزارت خارجہ کی سمری پر دی، شہباز شریف نے مجموعی طور پر 20 سفیروں ہائی کمشنروں اور قونصل جنرل کی تعیناتی کی منظوری دی۔
عثمان ٹیپو کو لندن میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔عثمان ٹیپو اس وقت وزارت خارجہ میں چیف آف پروٹوکول ہیں ۔وزیر اعظم ہاوس میں تعینات سلمان شریف کی جرمنی میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ۔ لاس اینجلس امریکہ میں موجودہ قونصل جنرل عاصم علی خان کو ناروے میں سفیر تعینات کیا گیا،وہ ناروے میں موجودہ سفیر سعدیہ الطاف قاضی کی جگہ لیں گے۔
سعدیہ الطاف قاضی کی تھائی لینڈ میں بطور پاکستانی سفیر تقرری کی منظوری دی گئی ۔ وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری ایشیا پیسفک عمران احمد صدیقی کی تہران میں بطور سفیر تقرری کی منظوری دی گئی۔وہ ایران میں موجودہ سفیر مدثر ٹیپو کی جگہ لیں گے۔مدثر ٹیپو کو ایران سے نیروبی سفیر بھیجا جا رہا ہے۔
وزارت خارجہ میں تعینات علی عنصر زیدی کو فرینکفرٹ میں قونصل جنرل تعینات کئے جانے کی منظوری دی گئی . وزارت خارجہ میں ڈی جی فیصل ابڑو کو مانٹریال، کینڈا میں قونصل جنرل تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جنیوا، سعودی عرب اور افغانستان میں نئے سفراء کی مشروط تعیناتی کی منظوری دی۔
ان تینوں اسٹیشنز پر کام کرنے والے موجودہ سفیر سال کے آخر تک کام جاری رکھیں گے۔رواں برس کے اختتام تک علی اسد گیلانی کابل میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے،علی اسد گیلانی افغانستان میں موجودہ سفیر عبید الرحمان نطامانی کو تبدیل کریں گے،موجودہ ترجمان طاہر حسین اندرابی جینیوا میں مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے، طاہر حسین اندرابی ڈاکٹر بلال کی جگہ لیں گے،ڈاکٹر بلال رواں برس کے اختتام تک جینیوا میں مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ کام کرتے رہیں گے، ڈاکٹر بلال کی سعودی عرب میں بطور سفیر تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے،وہ موجودہ سفیر احمد فاروق کی جگہ لیں گے۔