کوئنز روڈ (عابد چودھری) سی سی پی او نے لاہور پولیس کے لئے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کر دی، پولیس افسروں کو یونیفارم میں پرائیویٹ تقریب میں جانے اور سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے سے روک دیا گیا۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے سوشل میڈیا پالیسی سے متعلق مراسلہ ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز، ڈی آئی جی سکیورٹی اور چیف ٹریفک آفیسر کو بھجوا دیا گیا۔ مراسلے کے مطابق پولیس افسران یونیفارم میں پرائیویٹ پروگراموں میں شرکت نہیں کر سکتے جبکہ پولیس افسران و اہلکار یونیفارم میں تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کریں گے۔
مراسلہ کے مطابق پولیس افسران و اہلکاروں کو واٹس ایپ اور دیگر گروپ بنانے سے بھی روک دیا گیا، پولیس افسران محکمہ پولیس سے متعلق سوشل میڈیا پر کوئی رائے نہیں دیں گے، ایس پی سطح کے علاوہ پولیس افسر میڈیا پر مؤقف نہیں دے سکیں گے۔ سی سی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس افسران واٹس ایپ گروپ فوری ترک کر دیں۔
علاوہ ازیں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پتنگ بازی، پتنگ سازی اور پتنگ فروشی کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ غلام محمود ڈوگر نے عندیہ دیا کہ پتنگ بازی کی شکایت پر متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہےکہ کچھ روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے ججز کو واٹس ایپ، انسٹا گرام، ٹویٹر، فیس بک دیگر سوشل میڈیا ایپلیکیشنز استعمال کرنے سے روک دیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔مراسلےمیں کہا گیا ہے کہ ماتحت عدلیہ کے ججز اپنے پیغامات کے پھیلاؤ کیلئے ٹویٹر، فیس بک و دیگر ایپلیکیشنز کا استعمال ترک کر دیں۔