( سٹی 42 ) پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے انسداد نسل پرستی قانون تیار کرلیا، قانون کااطلاق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن سےشروع ہوجائےگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے انسداد نسل پرستی قانون تیار کیا ہے جس کا اطلاق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن سے ہوگا، انسداد نسل پرستی کوڈ کا اطلاق تمام کھلاڑیوں، مینجمنٹ، امپائرز، ریفریز پر ہوگا۔ کوڈمیں مصالحت کی آپشن رکھی گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق پہلی بار کوڈ خلاف ورزی کرنےوالےکھلاڑی پر4سے8 میچز کی پابندی ہوگی، دوسری بار نسل پرستانہ عمل پر 8 میچز یا تاحیات پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ تیسری بارجرم پرایک سال سےتاحیات پابندی کاسامناکرناپڑسکتا ہے۔
امپائرز کی جانب سے پہلی بار انسداد نسل پرستی کوڈ کی خلاف ورزی پر 1 سے 3 ماہ پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا، دوسری بار سزا 3 ماہ سے تاحیات پابندی ہوسکتی ہے، تیسری بار خلاف ورزی پر ایک سال سے تاحیات پابندی کا سامنا ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق جرم کے ارتکاب پر ہر فرد کو انسداد نسل پرستی تعلیمی پروگرام میں شرکت کرنا لازم ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دورہ جنوبی افریقہ میں افریقی کھلاڑی کو نسل پرستانہ جملے کسے تھے جس پر آئی سی سی کی جانب سے انہیں 4 میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔