عابد چودھری:کاہنہ کے علاقے میں سیوریج کا پانی نکالنے کے تنازع پر مبینہ طور پر شوٹرز کی فائرنگ سے مظہر اقبال نامی شہری زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، تاہم متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔
پولیس کے مطابق مشتاق، اسحاق، نزاکت، اسد اور معاز نامی افراد مبینہ طور پر سیوریج کا پانی نکالنے کے عوض شہریوں سے رقم وصول کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان کو سیوریج کا پانی نکالنے کا ٹھیکہ نہ ملنے پر انہوں نے مبینہ طور پر شوٹرز کی مدد سے فائرنگ کروائی۔
پولیس کے مطابق ریاض عرف راجو نامی مبینہ شوٹر نے فائرنگ کرکے مظہر اقبال کو زخمی کیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود واقعے میں ملوث ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔
متاثرہ شہری نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان اور مبینہ شوٹرز کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔