رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے ارکان میں محمد یوسف کسیلہ، ملک نوشیر انجم لنگڑیال، میاں محمد ثاقب خورشید اور محمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے۔
ارکان اسمبلی نے پانچ دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی ملتان روڈ کو دورویہ کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دو رویہ سڑک کے منصوبے کو وہاڑی کی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کو منصوبے پر عوام کی جانب سے ملنے والے مثبت ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہاڑی ملتان روڈ کی تعمیر علاقے کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے وہاڑی میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اسے شہریوں کے لیے بہترین سفری سہولت قرار دیا۔ ارکان کے مطابق الیکٹروبس میں طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔
ملاقات کے دوران وہاڑی ریل بازار کی بیوٹیفکیشن کا بھی ذکر ہوا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ریل بازار کی خوبصورتی سے شہر کا اربن کلچر نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ پورے صوبے میں یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوران نکاسی آب کی نئی اسکیموں کے باعث صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب بارش کے بعد پانی دنوں یا ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کاشتکار بھی حکومتی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔