سٹی42: پنجاب حکومت نے لاہور شہر میں جدید اور ماحول دوست الیکٹرک ٹرام سروس کے روٹ کا اعلان کر دیا۔
پہلے مرحلے میں االیکٹرک ٹرام ہربنس پورہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک روٹ پر چلے گی۔
الیکٹرک ٹرام کا ٹریک کینال روڈ کے بائیں کنارے پر بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک میں کم سے کم رکاوٹ پیش آئے۔
مسافروں کی سہولت کے لیے ٹرام سٹاپس کے قریب سڑک کو چوڑا کیا جائے گا۔ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے کینال روڈ کے انڈرپاسز کو سنگل لین میں بدل دیا جائے گا اور جیل روڈ انڈرپاس کو ایک طرف منتقل کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
چین سے درآمد کی گئی تین یونٹس پر مشتمل ٹرام بجلی سے چلتی ہے اور صرف 10 منٹ کی چارجنگ پر 25 کلومیٹر سے 27 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔ اس میں 250 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہوگی تاہم تین سو تک لوگ اس مین ایک وقت میں سفر کر سکتے ہیں۔

ٹرام پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز لاہور ایئرپورٹ کے قریب ہو چکا ہے۔ سروس کے باقاعدہ آغاز پر کرایہ مقرر کیا جائے گا۔ جالو سے ہربنس پورہ تک زیرِ زمین سڑک بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ شہری رابطہ مزید بہتر بنایا جا سکے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔