علی ساہی:آئی جی جیل نے سفارشی کلچر کے خاتمے کے لیے سخت لہجے میں مراسلہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق سفارش کی بنیاد پر جیلوں یا دفاتر میں مدتِ تعیناتی مکمل ہونے سے قبل تبادلے نہیں کیے جائیں گے۔
جاری کردہ مراسلہ کے مطابق افسران و ملازمین تبادلہ کرانے کیلئے سینئر افسران کو مختلف ذرائع سے سفارشات کراتے ہیں،حکومتی ہدایات کے مطابق سرکاری افسر یا ملازم کاکم از کم دورانیہ تعیناتی ایک سال ہو گا،کسی بھی افسر و ملازم کا تبادلہ ایک سال باقاعدہ ڈیوٹی مکمل کرنے تک نہیں ہوگا،کوئی افسر یا ملازم دوران تعیناتی غیر حاضر رہا تو غیر حاضری کا دورانیہ مدت میں شامل نہیں ہوگا۔
آئی جی جیل خانہ جات مراسلہ کے مطابق رخصت پر جانیوالوں کو بھی ڈیوٹی مدت سے منفی کیا جائے گااور ایک سالہ تعیناتی کا حصہ نہیں مانا جائیگا،افسران کو با قاعدہ آرڈر بک میں نوٹ کر واکر مطلع کیا جائے ،ملازمین کو آفس آرڈر کے ذریعے احکامات سے آگاہ کیا جائے نوٹس بورڈ پر آویزاں کیا جائے۔
آئی جی جیل کے حکم پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر جیل خانہ جات نے متعلقہ افسران کو مراسلہ بھجوادیا۔