ویب ڈیسک :متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو لندن میں ایک بار پھر طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 8 اگست کو الطاف حسین کی طبیعت دوبارہ ناساز ہوئی، جس پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا گیا اورایمبولینس کو بلایا گیا۔
ڈاکٹر نے فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی ٹیم بھیجی، ایمرجنسی ٹیم نے پہلے رہائش گاہ پر ہی الطاف حسین کا چیک اپ کیا جس کے بعد انہیں مزید چیک اپ اور علاج معالجے کے لیے مقامی ہسپتال شفٹ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الطاف حسین گزشتہ ماہ بھی لندن میں شدید بیماری کے باعث ہسپتال میں داخل ہوئے تھے، جہاں ان کے کئی ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ الطاف حسین فروری 2021 میں بظاہر کووڈ 19 سے متاثر ہونے کے بعد برطانیہ کے ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج رہے تھے۔