سٹی42:ملک کےبیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں سورج کی تپش سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم گرم اور مرطوب محسوس ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں براہِ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ پانی پینے کا خاص خیال رکھیں تاکہ ہیٹ ویو اور لو سے محفوظ رہا جا سکے۔
شہرِ قائد میں آج بھی موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث موسم مزید خوشگوار ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے۔ نمی
ہوا کی رفتار جنوب مغرب کی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مرطوب موسم کے باعث شہریوں کو دن کے اوقات میں حبس اور بے چینی کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم ہلکی بوندا باندی سے موسم کچھ دیر کے لیے خوشگوار ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔مشرقی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔سوات، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، مالاکنڈ، خیبر، باجوڑ، اورکزئی اورکوہاٹ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہا تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔