وقاص احمد: مبشر کھوکھر کے قتل میں گرفتار ملزمان کے نئے انکشافات، مرکزی ملزم نےقتل کرنے کا ارادہ جیل میں کیا، مخالف گروپ کے لوگوں نے اکسایا، مبشر کھوکھر نے ملزم ناظم کو شادی کی تقریب میں دیکھ لیا تھا اور اسے سلام بھی کیا۔
سی آئی اے پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ناظم نے جیل میں ہی مبشر کھوکھر کو قتل کرنے کا ارادہ کیا۔ جیل میں مخالف گروپ کے لوگوں نے ناظم کو مبشر کھوکھر کے خلاف اکسانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چوہنگ کے علاقے میں واقع مانووال گاؤں میں دو گروپس " کھوکھر اور گٹھا" ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ناظم اور اس کے خاندان کے لوگ مبشر کھوکھر کے گروپ میں تھے۔ ملزم کے بھائی اسلم عرف بلا کو گٹھا گروپ نے قتل کیا۔
منشا نامی شخص نے ملزم کے بھائی کے قتل میں گواہی دینے سے انکار کر دیا، بھائی کے قتل میں گواہی نہ دینے پر ناظم نے منشا کو قتل کر دیا۔ منشا کے قتل میں ملزم کو سزائے موت اور بعد میں عمر قید ہوئی۔ مقتول اسلم بلا کے کیس کی پیروی مبشر کھوکھر نے کی۔ پولیس کے مطابق دوران قید جیل میں مخالف گروپ کے لوگوں نے ناظم کی ذہن سازی کی جبکہ دنوں گروپوں نے ایک دوسرے پر متعدد مقدمات درج کروا رکھے ہیں۔
قتل کے روز شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی اور بدمزگی سے بچنے کے لیے مبشر کھوکھر نے ملزم کو کچھ نہ کہا۔مبشر کھوکھر نے ملزم ناظم کو شادی کی تقریب میں دیکھ لیا تھا اور اسے سلام بھی کیا۔ جیسے ہی وزیر اعلیٰ واپس جانےکے لیے نکلے تو ملزم نے باہر جاکرمبشر کھوکھر کو قتل کر دیا۔
واضح رہے کہ دو روز لاہور کے علاقے ڈیفنس میں صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے میں اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔