بارش سے اہم شاہراہیں ندی نالوں میں تبدیل

 بارش سے اہم شاہراہیں ندی نالوں میں تبدیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عفیفہ نصراللہ/ شاہد ندیم ) صبح سویرے گرمی اور حبس ہوا تو دوپہر کو ہونے والی بارش نے لاہور کا موسم خوشگوار کر دیا، موسلادھاربارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

بارش نے لاہور کی اہم شاہراہوں کو پانی میں ڈبو دیا, صبح سویرے درجہ حرارت میں شدت رہی اور پھر اچانک جو بارش برسی تو شہر میں جل تھل ایک ہو گیا۔ موسلا دھار بارش نے جہاں گرمی کا زور توڑا تو وہاں شہر کے بہت سے نشیبی علاقے زیرآب آنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

شہر میں ہونے والی بارش نے انتظامیہ کے بڑے بڑے دعوؤں کی قلعی کھول دی، لاہور کے علاقے شملہ پہاڑی پریس کلب اور دو موریہ پل ریلوے سٹیشن میں واٹر پونڈنگ کا راج رہا، نشتر ٹاؤن اور لکشمی چوک کا علاقہ بھی زیر آب آگیا۔ نشیبی علاقوں میں انتظامیہ کی کارکردگی صفر دکھائی دی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پانی دکانوں سمیت گھروں میں بھی گھس جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے صرف دعوے کئے مگر عملی کام کرنے سے قاصر ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ ہفتے بھی مسلسل بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ کس حد تک واٹر پونڈنگ سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کرتی ہے۔ 

شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے لیسکو کا سسٹم متاثر ہو گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ موسلا دھار بارش سے کمپنی کے نوے سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوئی۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ٹرپ ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

  بارش کے دوران لائن سٹاف کو برقی لائنوں پر کام کرنے سے روک دیا گیا تاہم بارش کا سلسلہ رکنے پر بحالی کا کام شروع کیا گیا۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے افسران کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

 لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کے مطابق بجلی بندش کی صورت میں افسران بحالی کام کی مانیٹرنگ کریں اور صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔