ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب:تجارتی اوقات کی پابندی نافذ،بلا امتیاز کارروائیاں جاری

پنجاب:تجارتی اوقات کی پابندی نافذ،بلا امتیاز کارروائیاں جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: پنجاب بھر میں تجارتی اوقات کی پابندی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) علی اعجاز  کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق  اسسٹنٹ کمشنرز، ایم سی ایل انسپکٹرز اور پولیس ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں جبکہ کینٹ، سٹی، شالامار، ماڈل ٹاؤن، راوی، رائیونڈ اور نشتر کے علاقوں میں خلاف ورزیوں پر ایکشن لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیموں نے وقت کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل کیں جبکہ غیر قانونی طور پر سیل توڑنے پر مالکان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔ حاجی کیمپ میں غفلت پر عملے کو معطل کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ سٹی تحصیل میں 19 املاک سربمہر کی گئیں، والٹن روڈ پر 8 ریسٹورنٹس و دکانیں سیل ہوئیں جبکہ بیگم کوٹ میں 10 دکانیں بند کی گئیں۔

اسی طرح ڈی ایچ اے فیز 8 میں 2 دکانیں دوبارہ سیل کر کے مالکان کو گرفتار کیا گیا، رائیونڈ روڈ پر 5 دکانیں سیل اور 5 افراد گرفتار کیے گئے، ویلنشیا ٹاؤن میں 7 دکانیں بشمول سپر مارکیٹس بند کی گئیں جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 6 املاک کو اوقات کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے، تجارتی اوقات کی سخت نگرانی کی جائے اور دوبارہ سیل توڑنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔