ویب ڈیسک: اسلام آباد کے علاقے اتفاق ٹاؤن میں گیس لیکج کے باعث گھر میں سلنڈر دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور 4 افراد معمولی زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ کرپا کی حدود میں پیش آیا، جہاں اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کراچی کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ایک شادی ہال میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ایک شادی ہال میں سلنڈر دھماکے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے ہال میں موجود صوفوں میں آگ لگ گئی اور فانوس وغیرہ بھی ٹوٹ کر گر گئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اور سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے تھے۔