(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے 3 اپریل کی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دیتے ہوئے 9 اپریل کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔ اپوزیشن کے 176سے زائد ممبران قومی اسمبلی اجلاس میں موجود ہیں، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا لکھا گیا سیکرٹری داخلہ کو خط سامنے آگیا۔
تفصیلات کےمطابق عمران خان کے لئےسابق وزیراعظم کی سکیورٹی کےانتظامات کی تیاریاں جاری ہیں۔وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی سابق وزیراعظم کے طور پر سکیورٹی کا انتظام کیا جائے اور سکیورٹی کے مجوزہ طریقہ کار کے تحت انتظامات عمل میں لائے جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ نے خط ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو ضروری کارروائی کیلئے مارک کردیا۔ ذرائع کے مطابق خط میں سیکرٹری داخلہ کو کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو کونسی سکیورٹی ملتی ہے، آگاہ کیا جائے۔
خط کے متن کے مطابق وزارت عظمیٰ سے الگ ہونے کے بعد سکیورٹی کی نوعیت کیا ہو گی؟ مکمل سکیورٹی جائزہ رپورٹ فراہم کی جائے۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی وزارت چھوڑنے پر سکیورٹی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، رینجرز کی سکیورٹی بھی دی جائے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دونوں خطوط کا جائزہ لیا جارہا ہے، پروٹوکول کے مطابق سابق وزیراعظم کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔