ویب ڈیسک: افغان کوچ جوناتھن ٹروٹ کا کہنا ہے کہ فائنل میں جیت نہ سکے، جس کے باعث مایوسی ہوئی ہے، افغان کوچ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کریڈٹ جاتا ہے اس نے میچ میں اچھی بولنگ کی۔
افغان کوچ جوناتھن ٹروٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے فائنل میں بہتر کھیل پیش کیا، ایشیا کپ سے پہلے کھیل بہتر بنانا ہوگا، امید ہے ابوظہبی میں افغان ٹیم بہتر کھیلے گی۔
پورے ٹورنامنٹ میں ریویو سسٹم نہیں تھا، شکایت نہیں۔ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم ہی جیتی، اسپنرز کیلئے پچز مفید رہیں۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں حاصل ہونے والی فتح کو سیلاب متاثرین کے نام کردیا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سہ ملکی سیریز کی جیت کو سیلاب متاثرین کے نام کرتا ہوں۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا اور بالر شاہین آفریدی نے سیریز کی تمام میچ فیس فلڈ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سب کو ایک ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اس کڑے وقت میں وطن کی مٹی ہم سے سیلاب زدگان کی مدد کا تقاضا کر رہی ہے، ہماری قوم سے اپیل ہے کہ فلڈ ریلیف فنڈ میں بھرپور حصہ لیں۔
واضح رہے کہ ٹرائی سیریز کے فائنل معرکہ میں پاکستان نے افغانستان کو شکست سے دوچار کیا، گرین شرٹس نے افغانستان کو 75 رنز سے ہراکر ٹرائی سیریز جیت لی۔