( قذافی بٹ ) جماعت اسلامی کا حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان، تحریک کے خدوخال طے کرنے کےلیے 6 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی، سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی عوام کے لیے نہیں۔
جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد سینیٹر سراج الحق نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی عوام کے لیے نہیں، حکومت احتساب کے نام پر فراڈ کر رہی ہے، حکومت سلیکٹڈ اور ان کا احتساب بھی سلیکٹڈ ہے۔
سراج الحق نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کپتان نے تمام چیزیں مہنگی کرنےکی سنچری مکمل کر لی ہے۔ عدالتوں میں انصاف ایسے ہی نظر نہیں آتا جیسے سانپ کے پاؤں نظر نہیں آتے، خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تحریک کے خدوخال اور جلسوں کے شیڈول کے لیے 6 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی کے اراکین میں لیاقت بلوچ، میاں اسلم، مشتاق احمد، نعیم الرحمن اور سردار ظفر شامل ہیں۔ تحریک چلانے کےلیےعوامی چارٹر طےکیا جائے گا۔