ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزراء خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کے اثاثوں سے متعلق تحقیقات میں نیب کی کارروائی نہ ہونے پر دائر توہینِ عدالت کی درخواست 11 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق، کیس کی سماعت 11 نومبر کو ہو گی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کرے گا ،درخواست ایڈووکیٹ محمد احسن عابد کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود نیب نے سابق وزراء کیخلاف تحقیقات میں پیشرفت نہیں کی، جو عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔درخواستگزار نےاستدعا کی کہ چیئرمین نیب کیخلاف توہینِ عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔