ملک اشرف : ہائیکورٹ میں سانحہ 9 مئی کے تمام مقدمات یکجا ،جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق درخواست پرسماعت نہ ہوسکی۔ کیس بغیر کاروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیاگیا۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے شہری محمد بلال چو دھری کی درخواست پر سماعت کرنا تھی۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کررکھے ہیں۔ درخواست میں پنجاب حکومت ، ہوم سیکرٹری ، آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیاہے۔درخواست میں آئی جی اور صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی عدالتوں سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہریوں کو بروقت انصاف فراہم نہ کرنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ایک سال میں تحقیقات مکمل نہ ہونے سے جوڈیشل سسٹم پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں ۔درخواست میں استدعا کی گئی عدالت تمام کیسز یکجا کرنے اور تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔