ویب ڈیسک: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک اور مشعال ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والی دو مساجد کی دوبارہ تعمیر کا اعلان کر دیا۔
رضیہ سلطانہ نے کہا کہ ’’ہم کشمیری کسی سے نہیں ڈرتے، رضیہ سلطان فاؤنڈیشن شہید ہونے والی مساجد کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔‘‘ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’مودی گجرات اور مسلمانوں کے قاتل کے طور پر جانا جاتا ہے، اس نے مساجد پر حملہ کر کے اپنی نفرت کو ثابت کر دیا۔‘‘
رضیہ سلطانہ نے اعلان کیا کہ کوٹلی اور مظفرآباد میں شہید ہونے والی دونوں مساجد کی ازسرنو تعمیر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھارت نے پاکستان کے چھ مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے تھے جن میں زیادہ تر مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔ کشمیری عوام اور قیادت نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مذہبی مقامات پر حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔