ملک اشرف :چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کا انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے ا حسن اقدام۔ قتل،منشیات کے مقدمات میں سزا پانیوالے قیدیوں کی اپیلیں ترجیحی بنیادوں پرنمٹانےکا فیصلہ، بینچز کی تعداد دوگنی کردی گئی۔
تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس محمد قاسم خان نےقتل اور منشیات کے مقدمات کی اپیلوں کے بروقت فیصلوں کیلئے ڈویژن بینچز کی تعداد دوگنی کرنے کی منظوری دیدی،دو رکنی بینچز 17 مئی سے تاحکم ثانی پرنسپل سیٹ پر اپیلوں کی سماعت کریں گے۔ منشیات کے مقدمات کی اپیلوں کی شنوائی کیلئےجسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تشکیل دیا گیا ہے،جسٹس علی ضیاء باجوہ اس بینچ میں شامل ہیں جبکہ جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس سہیل ناصر پر مشتمل دوسرا دو رکنی بینچ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
قتل کے مقدمات کی اپیلوں کی سماعت کیلئےجسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دورکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے،جسٹس محمد امجد رفیق اس بینچ میں شامل ہیں جبکہ جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی کی سربراہی میں دوسرا دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے جس میں جسٹس محمد شکیل بینچ کا حصہ ہونگے ،بینچز کی تعداد دوگنی ہونے سے زیرسماعت اپیلوں کو جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔