ویب ڈیسک: پاکستانی ٹی وی اداکارہ سدرہ نیازی نے بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف سے اپنے موازنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان واضح فرق موجود ہے۔
ایک حالیہ گفتگو میں سدرہ نیازی کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ سوشل میڈیا پر بعض لوگ ان کا موازنہ کترینہ کیف کے ساتھ ساتھ بھارتی اداکارہ یامی گوتھم سے بھی کرتے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق شکل و صورت اور شخصیت کے اعتبار سے ان میں نمایاں فرق ہے اور یہ سب لوگوں کی اپنی رائے ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے یامی گوتم کا کام زیادہ نہیں دیکھا، اس لیے وہ اس بارے میں زیادہ رائے نہیں دے سکتیں، البتہ انہیں معلوم ہے کہ مداح اکثر اس طرح کے موازنے کرتے رہتے ہیں۔
گفتگو کے دوران سدرہ نیازی نے اپنے شوہر کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لاہور کے کھانوں کے بہت شوقین ہیں اور ایک پراسرار شخصیت کے مالک ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر نہیں چاہتے کہ ان کا نام میڈیا میں لیا جائے اور انہوں نے خاص طور پر ہدایت کی ہے کہ ٹی وی پروگرامز میں بھی ان کا ذکر نہ کیا جائے۔