شاہد ندیم سپرا: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے 132 کے وی ایڈن سٹی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا ہے، جس سے متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔ افتتاحی تقریب میں لیسکو کے اعلیٰ حکام اور انجینئرز نے شرکت کی۔
گرڈ اسٹیشن کا افتتاح لیسکو کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز زوئے خورشید خان نے کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ لیسکو صارفین کو بلا تعطل اور بہتر بجلی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
لیسکو کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق تقریباً 298 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے سے ایڈن، عسکری اور ڈیفنس کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر ہوگی۔
لیسکو کے ترجمان کے مطابق ایڈن سٹی گرڈ اسٹیشن سےساجپال،ڈیوائن،چراغ شاہکے تین فیڈرز کو انرجائز کر دیا گیا ہے۔
چیف انجینئر انجینئر رمضان بٹ نے کہا کہ نئے گرڈ اسٹیشن سے لوڈ مینجمنٹ میں بہتری آئے گی اور بجلی کے نظام کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ بجلی کے نظام کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی کمپنی کی اولین ترجیح ہے تاکہ صارفین کو بہتر اور مستحکم بجلی فراہم کی جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں جی ایم ٹیکنیکل، چیف انجینئر ایم ایم، چیف انجینئر پی اینڈ ڈی اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔