طاہر جمیل:لاہور میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں میں سرگرم ہو گئے ہیں اور سبزی و فروٹ منڈیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈیپٹی کمشنر لاہور نے اے سیز کو ہدایت دی ہے کہ منڈیوں میں سپلائی اور قیمتوں کی مکمل نگرانی کی جائے۔ تازہ ٹرکوں کی آمد سے منڈیوں میں سبزیوں کی سپلائی مستحکم ہو گئی ہے، جس میں آلو کے 70، پیاز کے 55 اور ٹماٹر کے 34 ٹرک شامل ہیں۔
یکم رمضان سے اب تک ٹماٹر کی قیمت 25 روپے، دیسی لہسن 20 روپے اور پیاز 8 روپے فی کلو کم ہوئی ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخناموں پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔