علی ساہی: عالمی یومِ خواتین کے موقع پر پنجاب پولیس نے شہدا اور غازیوں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا .
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے خلاف جنسی ہراسگی، زیادتی اور تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور یہ پنجاب پولیس کے لیے ریڈ لائن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے ویژن کے تحت خواتین کے تحفظ اور فلاح کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے جبکہ خواتین کے خلاف جرائم میں فوری مقدمات درج کر کے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق لیڈی پولیس افسران قانون و امن، جرائم کی روک تھام اور کمیونٹی پولیسنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین اہلکاروں کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سنٹرز، میس اور لائبریری سمیت مختلف ویلفیئر اقدامات کیے گئے ہیں۔
عبدالکریم کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز، تحفظ مراکز اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ویمن سیفٹی ایپ، پینک بٹن اور ہیلپ لائن 15 جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنسی جرائم کی تحقیقات کے لیے خصوصی یونٹس میں خواتین افسران تعینات ہیں اور پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین کی فلاح و بہبود بھی ترجیحات میں شامل ہے۔