طلحہ اشرف:شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی نہ بنایا جا سکا اور بیشتر اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے مہنگی فروخت کی جا رہی ہیں۔
آلو کی سرکاری قیمت 20 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم بازار میں یہ 40 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 55 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ 60 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 60 روپے کے بجائے 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ کریلے کی سرکاری قیمت 160 روپے ہے لیکن بازار میں 190 روپے فی کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
مٹر کی سرکاری قیمت 40 روپے مقرر ہے مگر مارکیٹ میں یہ 100 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 140 روپے ہے جبکہ بازار میں اس کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
سبز مرچ 130 روپے کے بجائے 160 روپے فی کلو جبکہ بند گوبھی 50 روپے کے بجائے 70 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ مجموعی طور پر بیشتر سبزیاں سرکاری نرخوں سے 20 سے 30 روپے مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔
مارکیٹ میں پھل بھی سرکاری قیمتوں کے مقابلے میں تقریباً 50 روپے فی کلو تک مہنگے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔