سٹی42: بھارت کی ریاست کرناٹک میں بظاہر لٹیرے دکھائی دینے والے کئی لوگوں نے اسرائیلی سیاح خاتون اور ایک بھارتی میزبان خاتون کو ریپ کر دیا۔ اس واقعہ میں ایک بھارتی شخص ہلاک ہو گیا۔
اسرائیلی اور بھارتی خاتون کی اجتماعی عصمت دری کا واقعہ انڈیا کے میڈیا میں رپورٹ ہوا اور اسے اسرائیلی میڈیا میں بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، انڈیا کی ریاست کرناٹک میں ہمپی کے قریب بظاہرا راہزنی کے ایک واقعہ کے دوران ایک انڈین شہری کو قتل کر دیا گیا، اور ایک اسرائیلی اور ایک انڈین خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔
یہ حملہ جمعرات کی شام اس وقت ہوا جب 29 سالہ خاتون جو مسافر سیاحوں کی میزبانی کر رہی تھی اپنے مہمانوں - دو ہندوستانی مردوں، ایک امریکی مرد اور ایک 27 سالہ اسرائیلی خاتون - کو تنگابدرا کینال پر آسمان پر چمکتے ستاروں کا نظارہ کروانے کے سفر پر لے کر گئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین افراد سیاحوں کے اس گروپ کے پاس پہنچے اور ایک گیس اسٹیشن کی سمت پوچھی۔ اس دوران ہی انہوں نے ہتھیار نکال لئے اور رقم کا مطالبہ کیا۔
پھر تینوں حملہ آوروں نے تینوں مردوں کو نہر میں پھینک دیا اور دونوں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
ایک بھارتی شخص نہر میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اس واقعہ میں ملوث دو مقامی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارت میں 2022 میں روزانہ اوسطاً تقریباً 90 ریپ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ حالیہ برسوں میں عصمت دری اور قتل کے متعدد ہائی پروفائل کیسز نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا۔