ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، پنجاب میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیاں طلب

محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، پنجاب میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیاں طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

گوہر رحمان شیخ: محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی معاونت کے لیے لکھے گئے مراسلے میں صوبے کے 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کے دستوں کی تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے مجموعی طور پر 137 کمپنیوں کی خدمات طلب کی ہیں، جن میں پاک فوج کی 61 جبکہ رینجرز کی 76 کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ دستے مختلف اضلاع کی ضروریات اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق تعینات کیے جائیں گے۔

مراسلے کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار یکم محرم سے 11 محرم الحرام تک سکیورٹی فرائض انجام دیں گے اور جلوسوں، مجالس سمیت دیگر اہم مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کریں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے گا۔