وقاص احمد: ہربنس پورہ کے علاقے میں ایک شادی ہال میں جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک شادی ہال میں پیش آیا، جہاں کسی بات پر ہونے والے جھگڑے نے شدت اختیار کر لی۔ جھگڑے کے دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں حارث، حماد اور شاہ نواز زخمی ہو گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جھگڑے کی اصل وجوہات اور فائرنگ میں ملوث افراد کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔