سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم شام اور رات میں بالائی خیبر پختونحوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث پیٹ اسٹروک کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سورج پوری آب و تاب سے چمکے گا اور درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہےجبکہ کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا مطلع صاف رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔شدید گرمی کی اس لہر نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ شہر کی سڑکیں سنسان، بازار ویران اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ اس پر ستم یہ کہ بجلی کی بار بار بندش نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ادھر شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی رپورٹ کے مطابق کراچی فضائی آلودگی کے اعتبار سے ملک بھر میں پانچویں نمبر پر آ چکا ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 79 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر قائد میں سمندری ہواؤں کے باوجود آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی اور ہواؤں کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی ملک گیر پیشگوئی کے مطابق آج سے 12 جون کے دوران وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں یہ درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں موسم نہ صرف شدید گرم بلکہ انتہائی خشک بھی ہو گا، شدید گرمی کی اس لہر میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات اختیار کریں، پانی کا استعمال بڑھائیں اور بلاضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔