ویب ڈیسک: شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ، جو گزشتہ رات لاپتہ ہوگیا تھا، اس کا ملبہ سمندر سے مل گیا، تاہم طیارے میں سوار عملے کے ارکان تاحال لاپتہ ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق کارگو طیارہ گزشتہ رات تقریباً 9 بجے شارجہ سے کراچی پہنچنے کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا، جس کے فوراً بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد اورماڑہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل دور سمندر سے طیارے کے ملبے کے کچھ حصے برآمد کر لیے ہیں۔
پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے بحری اور فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ لاپتہ عملے کی تلاش بدستور جاری ہے۔