عابد چودھری: راوی روڈ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران تین رکنی متحرک رکشہ چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین چنگ چی رکشے اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں رکشہ چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چند روز قبل راوی روڈ سبزی منڈی سے بھی ایک چنگ چی رکشہ چوری کیا تھا، جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔
ایس پی سٹی کے مطابق ایس ایچ او راوی روڈ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کی شناخت منیر، صغیر اور اندر مسیح کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ گینگ سے متعلق مزید انکشافات اور ممکنہ ساتھیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر راوی روڈ پولیس کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں گی۔