سٹی 42: لاہور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث ایک ملزم، تین منشیات فروشوں اور موٹر سائیکل چور گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن ٹیم نے سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران یتیم خانہ چوک سے ملزم شان مسیح کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم چوری، ڈکیتی اور جھپٹا مارنے سمیت مختلف سنگین جرائم میں ملوث ہے اور اس کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 52 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نواں کوٹ کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری جانب نواں کوٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہمایوں، خالد عرف دھوبی اور ندیم کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق ملزمان لاہور میں منشیات فروشی میں ملوث تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلو 620 گرام چرس اور 150 گرام آئس برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے ایس ایچ او نواں کوٹ اشفاق خان اور پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش بھی دی۔
ادھر غازی آباد پولیس نے ایس ایچ او محمد شہریار کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے تین رکنی شبیر عرف شبیرا موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں سرغنہ شبیر عرف شبیرا، عبدالمعیز اور ساحل شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں چوری شدہ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے قبضے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل کھلی حالت میں، ماسٹر چابیاں اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ بغیر لاک کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرکے فرار ہو جاتے تھے، جبکہ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل بھی پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او غازی آباد محمد شہریار اور ان کی ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔