(وقاص احمد) نئے سلیکیٹڈ ایریاز میں لاک ڈاؤن کیلئے پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کردیا، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان کے مطابق 15 سو سے زائد افسران اور اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہر کے 7 نئے ہاٹ سپاٹ پوائنٹس پر سمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں لاہور پولیس کے 15سو سے زائد پولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔02 ایس پیز،04 ڈی ایس پیز، 07 ایس ایچ اوز،177 اپر سب آرڈینیٹس جبکہ 1332 اہلکار تعینات ہوں گے۔ اشفاق خان نے ہدایت کی کہ پولیس افسران سلیکٹڈ لاک ڈاؤن علاقوں میں حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
باغوں کے شہر میں ایک بار پھرسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ تین ہفتوں میں کی جانے والی سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج سامنے آنے پر شہر کے مزید سات علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا، ان علاقوں میں ٹاؤن شپ اے ٹو بلاک، ڈی ایچ اے مکمل، ای ایم ای مکمل، واپڈا ٹاؤن مکمل، جو ہر ٹاؤن سی بلاک، چونگی امرسدھو مین بازار اور ملحقہ آبادی، پنجاب گورنمنٹ سکیم اور گرین سٹی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنردانش افضال کا کہنا ہےکہ ان تمام علاقوں کو آج رات بارہ بجے سیل کر دیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، سمارٹ سیمپلنگ کے دوران ان سات علاقوں میں مجموعی طورپر877 کیسز رپورٹ ہوئے، لاک ڈاؤن کیے جانے والے تمام علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی دکانوں، فارمیسی اور کلینکس کے علاوہ دیگر کاروبار مکمل بند رہیں گے۔
کورونا سے متاثرہ لاہور کے 61 علاقوں میں پہلا سمارٹ لاک ڈاؤن 14 روز کے لیے 16 جون تا 30 جون لگایا گیا تھا، دوسرا سمارٹ لاک ڈاؤن دس روز کے لیے 24 جون کو لگایا گیا اور اورتین جولائی کو کھولا گیا، مزید سات علاقوں میں تیسرا سمارٹ لاک ڈاؤن ایک ہفتے کے لیے آج رات بارہ بجے لگے گا۔