لاہور کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

لاہور کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان علیم) لاہور کے مزید سات علاقے کورونا کے ریڈار پر، سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج کے پیش نظر واپڈا ٹاؤن، ای ایم ای، ڈی ایچ اے، ٹاؤن شپ اور جوہر ٹاؤن سی بلاک سمیت سات علاقوں میں آج رات سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 باغوں کے شہر میں ایک بار پھرسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ تین ہفتوں میں کی جانے والی سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج سامنے آنے پر شہر کے مزید سات علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا، ان علاقوں میں ٹاؤن شپ اے ٹو بلاک، ڈی ایچ اے مکمل، ای ایم ای مکمل، واپڈا ٹاؤن مکمل، جو ہر ٹاؤن سی بلاک، چونگی امرسدھو مین بازار اور ملحقہ آبادی، پنجاب گورنمنٹ سکیم اور گرین سٹی شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنردانش افضال کا کہنا ہےکہ ان تمام علاقوں کو آج رات بارہ بجے سیل کر دیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، سمارٹ سیمپلنگ کے دوران ان سات علاقوں میں مجموعی طورپر877 کیسز رپورٹ ہوئے، لاک ڈاؤن کیے جانے والے تمام علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی دکانوں، فارمیسی اور کلینکس کے علاوہ دیگر کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

 کورونا سے متاثرہ لاہور کے 61 علاقوں میں پہلا سمارٹ لاک ڈاؤن 14 روز کے لیے 16 جون تا 30 جون لگایا گیا تھا، دوسرا سمارٹ لاک ڈاؤن دس روز کے لیے 24 جون کو لگایا گیا اور اورتین جولائی کو کھولا گیا، مزید سات علاقوں میں تیسرا سمارٹ لاک ڈاؤن ایک ہفتے کے لیے آج رات بارہ بجے لگے گا۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کورونا کے مریض بتدریج کم ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 334 نئے کیسز جبکہ 5 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد لاہور میں کورونا سے مجموعی طور پر 725 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد 42998 ہوگئی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer