ویب ڈیسک:پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ہیک شدہ واٹس ایپ اکاؤنٹس کی بحالی اور صارفین کو فوری حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کیلئے ایک خصوصی آگاہی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو گھبرانے کے بجائے پرسکون رہتے ہوئے درست بحالی کے مراحل پر عمل کیا جائے۔
پی ٹی اے نے زور دیا کہ بروقت کارروائی نہایت ضروری ہے تاکہ ذاتی ڈیٹا، پیغامات اور رابطوں کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔
اگر آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے تو گھبرانے کے بجائے درست اقدام اٹھائیں۔ چند آسان مراحل کے ذریعے اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ دوبارہ فعال کیا جا سکتا ہے۔
— PTA (@PTAofficialpk) January 7, 2026
مزید آگاہی کے لئے ویڈیو ملاحظہ کریں، خود کو محفوظ رکھیں اور دوسروں کو بھی باخبر کریں۔#WhatsAppSafety #StaySafeOnline #CyberAwareness… pic.twitter.com/db4vmqah30
آگاہی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ صارفین فوری طور پر واٹس ایپ پر دوبارہ لاگ اِن کرنے کی کوشش کریں، تصدیقی کوڈ درج کریں اور دو مرحلہ جاتی تصدیق (Two-Step Verification) کو فعال بنائیں تاکہ مستقبل میں اکاؤنٹ ہیک ہونے کے خدشات کم ہو سکیں۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک لنک، کال یا پیغام پر اپنی ذاتی معلومات یا تصدیقی کوڈ ہرگز شیئر نہ کریں اور سائبر فراڈ سے بچاؤ کیلئے محتاط رہیں۔ صارفین کو ہیکنگ کی کوششوں کو رپورٹ کرنے کی بھی ترغیب دی گئی ہے تاکہ آگاہی بڑھے اور دیگر افراد ایسے خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مکمل ویڈیو دیکھیں، باخبر رہیں اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے یہ معلومات اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ شیئر کریں۔ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسری جانب، سائبر سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ فشنگ لنکس، جعلی تصدیقی پیغامات اور کمزور سیکیورٹی سیٹنگز کے باعث واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آگاہی اور مناسب حفاظتی اقدامات اپنانے سے اکاؤنٹ ہیک ہونے کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔