ویب ڈیسک: بھارت کے تلنگانہ کے رنگا ریڈی ضلع میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 4 طالب علم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک طالبہ شدید زخمی ہو گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق (آئی بی ایس) سے تعلق رکھنے والے 5 طلبہ ایک ہی کار میں سفر کر رہے تھے کہ تیز رفتاری کے دوران گاڑی بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی۔
رپورٹس کے مطابق حادثہ میں سوریا تیج، سمت، سری نکھل اور روہت نامی 4 طالب علم ہلاک ہو گئے، جبکہ نکشترہ نامی طالبہ کو شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی طالبہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے تمام طالب علم اور زخمی طالبہ آئی بی ایس کالج کے بی بی اے میں زیر تعلیم تھے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے چیوڑلہ کے سرکاری اسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔