ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ این 25 کراچی تا چمن شاہراہ اور دانش اسکولوں کا افتتاح کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کریں گے اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور عوامی فلاحی اقدامات کا جائزہ لیں گے۔
کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، اراکینِ پارلیمنٹ اور اعلیٰ صوبائی حکام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان کی گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ون آن ون ملاقات ہوگی، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور مجموعی سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گورنر بلوچستان وزیراعظم کو صوبے کی تازہ ترین صورتحال اور اہم ترقیاتی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی کابینہ سے ملاقات کریں گے، جس میں بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاحی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے درمیان تعاون کے امور زیرِ غور آئیں گے۔
اپنے دورے کے اختتام پر وزیراعظم ڈی ایچ اے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں وہ این 25 کراچی تا چمن شاہراہ اور دانش اسکولوں کا افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں کو بلوچستان کی معاشی ترقی، تعلیمی بہتری اور عوامی سہولیات میں اضافے کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔