ویب ڈیسک: پاکستانی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے اداکارہ نیلم منیر کی شادی پر تنقید کرنے والے ناقدین کو کھری کھری سنادی۔
شادی کی خبروں کی مسلسل تردید کے بعد اچانک منظر عام پر آنے والی پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کی شادی کی تصاویر نے جہاں تہلکہ مچادیا وہیں شادی کی اصل حقیقت اور دولہے کی مکمل تفصیلات منظر عام پر آتےہی صارفین دنگ رہ گئے۔ اس دوران جہاں مداح اداکارہ کی تعریف کرتے نظر آئے وہیں کئی صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی دیکھنے کو ملے جن میں اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران کئی شوبز شخصیات کی جانب سے نیلم منیر کو ان کی شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے ناقدین کو مزید باتیں نہ پھیلائے پر خبردار کیا گیا۔مشی خان کے بعد اب سینئر اداکارہ اسماء عباس کا بھی ویڈیو پیغام منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ نیلم منیر کی شادی پر ہونے والی تنقید پر بات کرتی سنائی دیں۔
اپنے ویلاگ میں اداکارہ کا نیلم کی تعریف میں کہنا تھا کہ’آج میں ایک وائرل خبر کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہوں جو مجھے بہت پریشان کر رہی ہے، پاکستان کی باصلاحیت اور پیاری اداکارہ نیلم منیر نے شادی کر لی ہے۔’
اسماء عباس کا کہنا تھا کہ‘ مجھے یاد ہے جب ہم ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے اور اسی دوران میری بہن سمبل کا انتقال ہوا، تو نیلم نے مجھے دلاسا دیا اور میرا خیال رکھا۔ وہ کسی قسم کی گپ شپ یا منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں۔ ماشااللہ، انہوں نے شادی کر لی ہے لیکن ان کی شادی نے ان کے شوہر کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔’
انہوں نے مزید کہا کہ’ پہلے آپ سب ان کی شہریت کے بارے میں متجسس تھے، پھر ان کے پیشے پر بات کرنے لگے۔ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔ آپ لوگ مصالحے دار خبروں میں اتنی دلچسپی کیوں لیتے ہیں؟۔ اسماء عباس نے ناقدین سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ’براہ کرم، رک جائیں۔ آپ ان کی زندگی میں اتنے متجسس کیوں ہیں؟ میں ان کے لیے بہت خوش ہوں کہ انہوں نے صحیح وقت پر شادی کی۔ براہ کرم دوسروں کی خوشیوں میں خوش ہونا سیکھیں۔’