موبائل فون سروس معطل، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

موبائل فون سروس معطل، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

ویب ڈیسک: ملک میں عام انتخابات کے سلسلے میں معطل ہونے والی موبائل فون سروس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر پاکستان تحریک انصاف الیکشن رابطہ سیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔ خط پی ٹی آئی الیکشن سیل کے انچارج بیرسٹر علی طاہر نے لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس معطل ہونےسے شہریوں کومشکلات کاسامنا ہے۔ این اے 238 پولنگ اسٹیشن المجید اسکول میں پولنگ شروع نہیں ہوئی اور عوام کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پرموجود ہے۔

خط میں بیرسٹر علی طاہر نے الیکشن کمیشن سے فوری طور پر ملک میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے اوراس معاملے پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی الیکشن سیل کے انچارج نے بھی  الیکشن کمشنر سندھ کو خط لکھتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش سےدھاندلی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ خط میں لکھا گیا کہ موبائل فون سروس بند کرنا کسی گہری سازش کا عندیہ ہے۔

خط میں مزید لکھا گیا کہ بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز کی ایسی ہے جہاں پولنگ شروع نہیں ہو سکی جب کہ ووٹرز قطاروں میں موجود ہیں لیکن پولنگ اسٹیشنوں میں عملہ موجود نہیں۔

خط میں فوری طور پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔