عمران یونس: آٹا بحران ختم ہونے کے ساتھ لائن میں سستا آٹا حاصل کرنے والے شہریوں کی قطاریں بھی ختم ہوگئیں، لیکن حکومت کی ہدایت پر محکمہ خوراک کے سستے آٹے کی فراہمی کے پوائنٹس تاحال قائم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آٹا بحران کے ساتھ ہی محکمہ خوراک نے شہر بھر میں ساٹھ سے زائد مقامات پر ٹرکوں کے ذریعے براہ راست شہریوں کو سستا آٹا فراہم کرنا شروع کر دیا۔17 دنوں میں محکمہ خوراک ابتک شہریوں کو بیس کلو آٹے کے 2لاکھ 39 ہزار 252 تھیلے فروخت کر چکا ہے۔
بحران کے ختم ہونے سے لوگوں کا رش بھی کم ہو گیا لیکن پوائنٹ تاحال قائم ہیں، سستا آٹا خریدنے والے شہریوں کے مطابق اب صورتحال قدرے بہتر ہے، کوالٹی اچھی ہونے کے باعث وہ ابھی بھی ان پوائنٹس سے آٹا خرید رہے ہیں۔
محکمہ خوراک کے مطابق آٹے کا بحران ڈیلرز کی جانب سے پیدا کیا گیا تھا جسے کنٹرول کرنے کرنے کیلئے یہ پوائنٹس بنائے گئے، اتوار کے روز ان سستے پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے آٹا بحران کے پس پردہ محرکات کا سراغ لگانے کیلئے شہر کی بڑی فلور ملز کا سٹاک چیک کرنے کا عمل شروع کردیا تھا، اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی ٹیموں نے شہر کی دو فلور ملز کے اچانک دورے کرکے آٹے کے زخیرہ کا جائزہ لیا تھا اور اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی ٹیموں نے فلور ملز سے اہم شواہد بھی اکٹھے کیے۔