محکمہ موسمیات نے سردی میں اضافے کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے سردی میں اضافے کی پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی : آج رات کے موسم کی  صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودرہے گا، پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں سموگ اور دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 

ہفتہ کے روزموسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال اور گر دو نواح میں ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے،تاہم صبح اور رات کے اوقات میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ مری، گلیات اورگردو نواح میں سرد رہے گا۔ صبح اور رات کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال ،ملتان ، بہا ولپور ، خان پور، رحیم یار خان ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ  کشمیر  اورگلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ استور میں منفی 4 ، گلگت میں منفی 3 اور ہنزہ میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور 4 ، لاہور اور ملتان 9 سینٹی گریڈ، فیصل آباد 8 سینٹی گریڈ  جبکہ مری میں ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔