عرفان ملک: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر فراڈ نیٹ ورک کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کے دوران لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے 28 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کارروائیاں ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کی ہدایت پر سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئیں۔ کارروائی کے دوران لاہور سے مبینہ اوڈ گینگ کے 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو سرکاری افسر، ویزا ایجنٹ اور رشتہ دار ظاہر کرکے شہریوں کو دھوکا دے کر رقم ہتھیانے میں ملوث تھے۔ ملزمان مختلف طریقوں سے شہریوں کا اعتماد حاصل کرکے انہیں مالی نقصان پہنچاتے تھے۔
این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 24 موبائل فونز اور لیپ ٹاپ بھی برآمد کرلیے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان کے مالی لین دین اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق مزید چھان بین جاری ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سائبر فراڈ اور شہریوں کو دھوکا دینے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔