عرفان ملک:لاہور ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سواروں کے محفوظ سفر اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے سائیڈ ویو مررز کے استعمال کو لازم قرار دیتے ہوئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ فیصل چوک مال روڈ پر سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے موٹرسائیکل سواروں میں سائیڈ ویو مررز تقسیم کیے اور انہیں محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق آگاہی دی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق حادثات میں کمی اور منظم ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور لین لائن کی پابندی کے ساتھ سائیڈ ویو مررز کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے۔
عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ موٹرسائیکل سواروں کو سائیڈ ویو مررز کے استعمال اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق بریفنگ اور آگاہی فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار محفوظ سفر کے لیے سائیڈ ویو مررز کا لازمی استعمال کریں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں مجموعی طور پر 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیاں موجود ہیں، جن میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔ موٹرسائیکل سواروں کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اور ناگزیر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سائیڈ ویو مررز لین تبدیل کرتے وقت موٹرسائیکل سواروں کو پیچھے سے آنے والی ٹریفک پر نظر رکھنے میں مدد دیتے ہیں، جس سے حادثات کے امکانات کم کیے جاسکتے ہیں۔