سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے پر بیان دیا ہے جس مین انہوں نے غزہ پر غیر قانونی قبضہ کے نئے اسرائیلی منسوبے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے تباہ کن جنگ مین اضافے اور امن کے امکانات کے خاتمہ کا منصوبہ قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا، ہم اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ شہر کا غیر قانونی اور ناجائز کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ فلسطینی عوام کے خلاف پہلے سے جاری تباہ کن جنگ میں خطرناک اضافے کے مترادف ہے۔
وزیر اعظم شہباز نے کہا، فوجی کارروائیوں کی یہ توسیع پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید بگاڑ دے گی اور خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو ختم کردے گی۔
انہوں نے کہا، ہمیں اس جاری المیے کی اصل وجوہات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے: وہ ہے فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا طویل، غیر قانونی قبضہ۔ جب تک یہ قبضہ برقرار رہے گا، امن ایک خواب ہی رہے گا۔
پاکستان فلسطینی عوام کے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق جائز حقوق، ان کے حق خود ارادیت اور فلسطین کی ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا، ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو فوری طور پر روکنے، بے گناہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور غزہ کے لوگوں تک اشد انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کرے۔