ویب ڈیسک: پنجاب حکومت کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان سامنے آنے کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو بلاجواز قرار دے دیا ہے اور فوری نظرثانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ پنجاب بھر کے تمام اسکول یکم ستمبر سے کھلیں گے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی صحت کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔
تاہم نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم نے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نجی اسکول 4 اگست سے کھل چکے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں بھی اسکول کھل چکے ہیں اور تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔ صرف پنجاب میں چھٹیوں میں غیر ضروری توسیع بچوں کے مستقبل پر منفی اثر ڈالے گی۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تین ماہ تک تعلیم سے دوری نہ صرف طلبہ کی سیکھنے کی رفتار متاثر کرے گی بلکہ میٹرک اور بورڈ کلاسز کے طلبہ کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔ تنظیم نے اس فیصلے کو تعلیمی شیڈول کے خلاف قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ وہ فیصلے پر نظرثانی کریں.
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق تعطیلات میں مزید توسیع تعلیم دشمن پالیسی کے مترادف ہے۔ اسکولز میں ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی ممکن ہے اور بچوں کو مزید تعلیمی نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔نجی اسکولز تنظیم نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ حکومت اگر موسمی حالات کے باعث مکمل کھولنے سے گریزاں ہے تو مرحلہ وار اسکول کھولنے یا صرف بورڈ کلاسز کے لیے تعلیمی ادارے کھولنے پر غور کیا جائے۔