ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس: موبائل سروس بند، سکیورٹی کے سخت انتظامات

muharram ul haram
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے موقع پر جلوس نکالے گئے ہیں، اس حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم الحرام کے روز جلوسوں نکالےگئے ہیں اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں خصوصا حساس شہروں اور علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی گئی ہے، علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کر کے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مرکزی جلوس اسلام پورہ کی پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس اپنے آغاز کے مقام پر ختم ہوگا۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوکر واپس اسی مقام پر ختم ہوگا۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس حسب روایت نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ سے صدر کی ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر ختم ہوگا۔

اُدھر پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوگیا ہے، کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہوگا۔ملک بھر میں جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اس موقع پر پولیس، رینجرز اور فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

دوسری جانب لاہور میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی نگرانی کے لیے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے، جلوسوں اور مجالس کو 650 کیمروں سے مانیٹر کیا جائے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہر کے مرکزی 5 بڑے جلوسوں کے روٹس پر 375 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔